چندی گڑھ، 3/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہریانہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل کرنال ضلع کی نیلا کھیڑی سیٹ پر ایک بڑی سیاسی تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار امر سنگھ نے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے کانگریس لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کانگریس امیدوار کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کر دیا۔
کانگریس رہنما پرتاپ سنگھ باجوہ نے نیلا کھیڑی سیٹ سے سابق عآپ امیدوار امر سنگھ کے پارٹی میں شامل ہونے پر کہا "سکھ طبقہ کے زیادہ تر لوگوں نے ان سے (امر سنگھ) اپیل کی تھی کہ وہ انہیں ووٹ دینا چاہتے ہیں، لیکن ابھی وہ بی جے پی کو کسان مخالف، دلت مخالف، پسماندہ طبقہ مخالف اور جوان مخالف ہونے کا سبق سکھانا چاہتے ہیں۔ اس وجہ سے انتخاب سے کچھ دن قبل، سب سے اہم وقت میں امر سنگھ نے کانگریس میں شامل ہونے اور عام آدمی پارٹی کی امیدواری سے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے"۔
پرتاپ سنگھ باجوہ نے مزید بتایا کہ کچھ لوگوں نے آج کرنال سے فون کیا کہ امر سنگھ اور ان کے سبھی ساتھی کانگریس کے امیدوار کو بغیر کسی شرط کے حمایت دینا چاہتے ہیں اور امر سنگھ عام آدمی پارٹی کی امیدواری سے بھی خود کو الگ کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر ہم نے ان کے فیصلے کا استقبال کیا اور وہ ہماری پارٹی میں شامل ہو گئے۔
غور طلب ہے کہ امر سنگھ سے پہلے فرید آباد سیٹ سے عآپ امیدوار پرویش مہتا نے بھی 28 ستمبر کو بی جے پی کی رکنیت اختیار کر لی تھی۔ مہتا مرکزی وزیر کرشن پال گرجر اور سینئر رہنما وپل گوئل کے ساتھ فرید آباد میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار کی حمایت کا بھی اعلان کیا کیا تھا۔
ہریانہ میں 5 اکتوبر کو اسمبلی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ 8 اکتوبر کو نتائج سامنے آئیں گے۔ ریاست میں انتخابی تشہیری مہم کا دور آج شام 5 بجے تک ختم ہو جائے گا۔ اس لیے آج آخری دن سبھی پارٹیوں نے اپنی پوری قوت جھونک دی ہے۔